لکھنؤ،8؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر مسعود احمد اور قومی سکریٹری شیو کرن سنگھ نے ہفتہ کو مرکز اور صوبے کی بی جے پی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دارانہ طاقتوں کے ہاتھ میں اقتدار آنے سے دن بدن غریبوں کا حق مارا جا رہا ہے، جس سے وہ پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے سرکاری چینی ملنا بند ہو گئی اور مٹی کا تیل بھی بند کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔دونوں لیڈران نے مرکز اور ریاستی حکومت کے طریقہ کار پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے یہاں کہا کہ یو پی اے (متحدہ ترقی پسند اتحاد) حکومت میں بھی غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کو بغیر سیکورٹی گیس کنکشن مل رہا تھا، لیکن اب اسی کا نام بدل کر اججول منصوبہ کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبہ کی تشہیر میں تقریبا 1100 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں، لیکن غریبوں سے چولہا، ربڑ اور گیس کے پیسوں کی وصولی ہو رہی ہے۔ یہ گیس غریبوں کو فی سلنڈر 760 روپے کی مل رہی ہے، جبکہ عام کنکشن ہولڈرز کو 436 روپے میں ملتی ہے کیونکہ سبسڈی میں آ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو سبسڈی حاصل کرنے کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے جو براۂ راست ناانصافی ہے۔آر ایل ڈی لیڈروں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بول کر غریبوں کو اپنے پالے میں کرکے اقتدار پر قبضہ جمانے والے لوگ اب غریبوں کا احترام بڑھانے کے بجائے ان کے حقوق پر ہی حملہ کر رہے ہیں ،جسے راشٹریہ لوک دل کبھی قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں گاؤں، غریب اور کسان اور مزدور کی لڑائی ہمیشہ راشٹریہ لوک دل نے لڑی ہے اور آگے بھی ان مسائل کو لے کر سڑک پر اترنے کو تیار ہے۔